
28 اپریل 2025 کو بلوچستان کے ضلع نوشکی میں آئل ٹینکر دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 23 تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کے مطابق مزید زخمیوں کے دوران علاج دم توڑنے سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی اور ایک زوردار دھماکا ہوا، دھماکے کے وقت متعدد افراد جائے وقوعہ پر موجود تھے جس کے نتیجے میں 60 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے کئی کو شدید جھلسنے کے باعث کوئٹہ اور کراچی کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔
آئل ٹینکر میں آگ لگنے کی وجہ قریبی ویلڈنگ کا کام سے ہوا جس کے بعد ڈرائیور نے جلتے ہوئے ٹینکر کو آبادی سے دور لے جانے کی کوشش کی تاہم وہ کھلے میدان میں پہنچ کر دھماکے سے پھٹ گیا اس دوران ٹینکر کے قریب متعدد افراد موجود تھے جو آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے۔
اس دوران فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی آگ کی لپیٹ میں آ کر مکمل طور پر جل گئی تھی۔