
بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) نے برطانیہ کے مختلف شہروں میں ایک منظم آگاہی مہم چلائی جس کا مقصد بلوچستان میں جاری تحریکِ آزادی، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، اور ریاستی جبر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا تھا۔ اس مہم کے ذریعے برطانوی عوام اور بین الاقوامی رائے عامہ کو بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، سیاسی کارکنان پر تشدد، اور دیگر مظالم سے آگاہ کیا گیا۔
یہ مہم 17 اپریل کو لندن کے مشہور ٹرافلگر اسکوائر سے شروع ہوئی، جس کے بعد 19 اپریل کو آکسفورڈ سٹی سینٹر، 21 اپریل کو کنگز پریڈ کیمبرج، 25 اپریل کو بچانن اسٹریٹ گلاسگو، اور آخر میں 27 اپریل کو مانچسٹر میں عوامی رابطہ مہم جاری رہی۔ بی این ایم کے کارکنان نے ان مقامات پر 5,000 سے زائد معلوماتی پمفلٹس تقسیم کیے اور راہگیروں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
تنظیم کے مطابق یہ آگاہی مہم نہ صرف بلوچستان کے عوام کو درپیش مظالم کی نشاندہی تھی بلکہ یہ ایک سنجیدہ کوشش بھی تھی تاکہ عالمی سطح پر ان مسائل کو اجاگر کیا جا سکے اور بین الاقوامی ادارے بلوچستان کی صورتحال پر توجہ دیں۔
آگاہی مہم کے دوران خاص طور پر بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے رہنماؤں کے خلاف حالیہ ریاستی کریک ڈاؤن پر روشنی ڈالی گئی۔ان رہنماؤں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا، ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اور ان پر من گھڑت مقدمات قائم کیے گئے۔ یہ پہلو مہم کا مرکزی نکتہ رہا، جس کے ذریعے بی این ایم نے بین الاقوامی برادری کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔