
دکی کے علاقے مانکی ڈیم کے قریب ایک واقعہ پیش آیا، جہاں لیویز فورس کی ایک گاڑی کہائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت سات اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔
لیویز ذرائع کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب اہلکار ایک مشکوک “ایکس” گاڑی کا تعاقب کر رہے تھے، جو ناکہ توڑ کر فرار ہو گئی تھی۔ دھول اور مٹی کے باعث راستہ صاف نظر نہ آنے کے سبب گاڑی توازن کھو بیٹھی اور گہری کھائی میں جا گری۔
زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال دکی منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تین شدید زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کیا گیا۔ ان میں سے ایک اہلکار بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
مشکوک گاڑی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔