
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی اسیر رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے کیس کی سماعت آج بلوچستان ہائی کورٹ میں ہوگی، جہاں انہیں سخت سیکیورٹی میں عدالت پیش کیا جائے گا۔
اس حوالے سے بی این پی کے رہنما ساجد ترین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے کیس کی سماعت آج بلوچستان ہائی کورٹ میں ہوگی، ہم دیگر وکلاء کے ساتھ وہاں موجود ہوں گے۔ اُنہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان کے عوام کا عدالتوں پر اعتماد مکمل طور پر ختم نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی بیٹیوں کی رہائی کے لیے سردار اختر مینگل کی قیادت میں بی این پی کی جدوجہد ہر سطح پر جاری رہے گی۔
دوسری جانب، وکیل راحب بلیدی نے تصدیق کی ہے کہ آج صبح ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو سخت سیکیورٹی میں عدالت لایا جائے گا۔ عوام کی بڑی تعداد کے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہائی کورٹ پہنچنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ پر کوئٹہ سول اسپتال سے لاشیں چرانے اور پولیس اہلکاروں کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔