
بلوچستان کے ضلع صحبت پور میں زمین کے تنازع پر مسلح افراد نے میاں بیوی اور ان کے پانچ بچوں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا، جبکہ گھر کو آگ لگا دی گئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب صحبت پور سے تقریباً 35 کلومیٹر دور، تھانہ آرڈی 238 کی حدود میں پٹ فیڈر کے علاقے گوٹھ دوران خان کھوسہ میں پیش آیا، جو ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی سے متصل ہے۔
ڈی ایس پی داؤد خان نے بتایا کہ مسلح افراد نے مقامی قبائلی رہنما اور بزگر علی حسن شیخ کے گھر پر حملہ کیا، اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں وہ، ان کی اہلیہ، چار بیٹے اور ایک بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ بچوں کی عمریں دو سے 15 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آور جاتے ہوئے گھر کو آگ لگا گئے، جس کے باعث لاشیں بری طرح جھلس گئیں۔
ایس پی صحبت پور یوسف بھنگر نے تصدیق کی کہ یہ واقعہ زمین کے تنازع کا نتیجہ ہے، اور اس سے قبل بھی اسی معاملے پر کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور ان کی تلاش جاری ہے۔