کیچ تربت سے متصل علاقہ بلنگور میں احتجاجی ریلی۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر ہزاروں کی تعداد میں خواتین و بچوں سمیت لوگ جمع ہوئے اور بلوچ نسل کشی کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے، جن پر بلوچ عوام پر ہونے والے مظالم کی روک تھام اور نسل کشی کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس موقع پر شرکاءنے شدید نعرے بازی بھی کی۔
اس حوالے سے ماہ رنگ بلوچ نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر پوسٹ کیا ہےکہ بلوچ نسل کشی کے خلاف جاری تحریک کے حمایت میں بل نگور میں عوامی احتجاج کیا گیا، اس تحریک کی دیگر کامیابیوں کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں خواتین کی اس جدوجہد میں شامل ہونا نہ صرف اہم کامیابی ہے بلکہ آنے والے دنوں میں یہ تحریک کی ترقی میں اہم کردار بھی ادا کرے گی۔
انھوں نے کہاکہ جب ہم اپنی عوامی حمایت اور قوت کو دیکھتے ہیں تو ہمیں یقین ہوجاتا ہے کہ یہ وہی عوامی طاقت ہے جس سے ریاست خوفزدہ ہے اور خوف کے عالم میں طاقت اور تشدد کا استعمال کررہا ہے۔یہ بوکھلاہٹ ظالموں کی شکست کی نشانی ہے۔