شال ( پریس ریلیز ) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بی ایس او شال زون کے ترجمان نے جاری بیان میں کہاہے کہ بولان میڈیکل کالج کی انتظامیہ کی جانب سے فرسٹ ایئر کے طلبہ سے ایک ہی تعلیمی سال میں دو مرتبہ ہاسٹل فیس وصول کرنے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ یہ رقم کس مد میں لی جا رہی ہے جب کہ پہلے سال کے طلبہ کو نہ تو باقاعدہ الاٹمنٹ دی گئی ہے اور نہ ہی ہاسٹل میں جگہ فراہم کی گئی؟ کالج انتظامیہ اپنے ناروا سلوک سے باز رہے
انھوں نے کہاہے کہ بلوچ طلبہ پہلے ہی غربت اور بدحالی کا شکار ہیں، اور ان پر اضافی مالی بوجھ ڈال کر تعلیمی راہ میں مزید رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ پہلے تین مہینے تک ہاسٹل بند رکھ کر طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا گیا، اور پھر کالج کی لائبریری کو بھی تین سے چار مہینے تک بند رکھا گیا، جو کہ طلبہ دشمن پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔
ترجمان نے کہاہے کہ کالج کے پرنسپل اور دیگر متعلقہ حکام اپنی ذمہ داری سے پیچھے ہٹنے کے بجائے طلبہ کی معمولی مشکلات کو بہانہ بنا کر اپنی نااہلی چھپا رہے ہیں، جو کہ ایک سنگین جرم کے مترادف ہے۔ بی ایس او کالج انتظامیہ کو خبردار کرتی ہے کہ وہ اپنی طلبہ دشمن پالیسیوں سے باز آجائے، ورنہ بی ایس او سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوگی۔