حب کسٹم اور کوچ مالکان تنازعہ، حب بھوانی کے مقام پر کوچ مالکان کا احتجاج، پولیس انتظامیہ سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد پولیس کا شاہراہ پر ٹریفک کی بحالی کےلئے مظاہرین پر لاٹھی چارج جبکہ مظاہرین کا پولیس ولیویز اہلکاروں پر شدید پتھراﺅ، بھوانی کے مقام پر شاہراہ میدان جنگ میں بدل گئی۔
پتھراﺅ اور لاٹھی چارج سے متعدد اہلکاروں اور مظاہرین کے زخمی ہونے کی اطلاعات، تاہم پولیس کے لاٹھی چارج سے مظاہرین منتشر ہونے کے بعد شاہراہ ٹریفک کیلے بحال کردیا گیا ۔ لیکن گاڑیوں کی طویل قطاریں ہونے کہ وجہ سے رات گئے تک بھوانی سے حب شہر میں شدید ٹریفک جام رہا۔
دریں اثنا اسمگلرز اور کسٹم چیک پوسٹ اہلکاروں کے مابین مبینہ لین دین تنازعہ، کوئٹہ کراچی شاہراہ پر سفر کرنے والے عام مسافروں کیلئے درد سر بن گیا، حب کے قریب المحمود کوچ کے عملے نے شاہراہ بلاک کردی، شاہراہ پر ٹریفک معطل، اس سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ گدانی کراس کے قریب لک بدوک کے مقام پر قائم کسٹم انٹیلی جنس کی غیر قانونی چیک پوسٹ پر کوئٹہ سے کراچی آنے والی ایک کوچ سے نان کسٹم ڈیوٹی پیڈ اسمگل شدہ سامان کی برآمد گی کے تنازعہ پر گزشتہ شب المحمود کوچ کے عملے نے حب شہر کے قریب بھوانی کے مقام پر کوئٹہ کراچی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے سڑک کو ٹریفک کی روانی کیلئے بند کردیا جسکی وجہ سے شاہراہ پر سفر کرنے والی سیکڑوں گاڑیاں اور ان میں سوار مسافر پھنس گئے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ کوچز کے ذریعے اسمگل شدہ سامان کی کوئٹہ اور چمن سے کراچی غیر قانونی ترسیل واسمگلنگ کے حوالے سے اکثر وبیشتر کسٹم اور دیگر چیک پوسٹوں کے اہلکاروں کے مابین مبینہ لین دین کے تنازعہ پر کوچز مالکان روڈ بلاک کردیتے ہیں جسکی وجہ سے شاہراہ پر سفر کرنے والے عام مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔