
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کا جبری گمشدگیوں کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6421ویں روز بھی جاری رہا۔
آج احتجاجی کیمپ میں جبری لاپتہ صغیر احمد کی ہمشیرہ اور اقرار احمد کے والد نے شرکت کرکے اپنے پیاروں کی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔
اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ صغیر احمد اور اقرار احمد کو 11 جون 2025 کو اورماڑہ بیزی چیک پوسٹ کے قریب سے سی ٹی ڈی اور دیگر ملکی اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، جس کے بعد سے وہ تاحال لاپتہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صغیر احمد اور اقرار احمد کی جبری گمشدگی کے حوالے سے کیس کمیشن میں زیرِ سماعت ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے اور اہل خانہ کی جانب سے مسلسل پرامن احتجاج بھی کیا جا رہا ہے، لیکن اس کے باوجود انہیں اپنے پیاروں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں، جس کے باعث خاندان شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ صغیر احمد اور اقرار احمد کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور ان کے اہل خانہ کو ان کے بارے میں فوری معلومات فراہم کی جائیں۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے صغیر احمد اور اقرار احمد کی تاحال عدم بازیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جبری لاپتہ افراد کے لواحقین کو مسلسل اذیت اور بے یقینی کی کیفیت میں رکھنا ان کے بنیادی انسانی اور قانونی حقوق کے منافی ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو ملکی قوانین کے تحت فوری انصاف اور قانونی تحفظ فراہم کرے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار احمد بلوچ سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اگر کسی بھی شہری پر کوئی الزام ہے تو اسے منظرِ عام پر لا کر ملکی قوانین کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ اسے اپنے دفاع کا قانونی حق حاصل ہو اور اس کے اہل خانہ کو بھی اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات مل سکیں۔
