
دالبندین: بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں پانچ خواتین سمیت 7 افراد ہلاک جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔ انتظامیہ کے مطابق حادثہ دو گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے باعث پیش آیا۔
انتظامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوری بعد ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو دالبندین اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد بہتر علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور متعلقہ ادارے موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
