
تربت شہر میں پیش آنے والے دو مختلف واقعات میں ایک کمسن بچہ اور ایک نوجوان شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پہلا واقعہ سیٹلائیٹ ٹاؤن تربت میں عاشہ مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں کراچی سے تربت آنے والی مسافر بس نے سڑک عبور کرتے ہوئے ایک بچے کو ٹکر مار دی۔ زخمی بچے کی شناخت مصطفیٰ ولد ندیم ساکن پنجگور کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثے کے فوراً بعد بچے کو تشویشناک حالت میں ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بچے کی ایک ٹانگ پر شدید چوٹیں آئی ہیں اور اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسرا واقعہ تربت سٹی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم چوروں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں رضا محمد ولد محمد حسن ساکن خضدار زخمی ہو گیا۔ زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
