
اوتھل کے قریب قومی شاہراہ پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں کوئٹہ سے کراچی جانے والی ایک مسافر کوچ پتھروں سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 19 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور قومی شاہراہ کی خستہ حالی کے باعث پیش آیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کوچ کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا، اور متعدد مسافر گاڑی کے ملبے میں پھنس گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال اوتھل منتقل کر دیا گیا، جہاں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق چار زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق قومی شاہراہ پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے، جبکہ متاثرہ کوچ اور ٹرک کو سڑک کے کنارے منتقل کر دیا گیا ہے۔
