
دوحہ: قطر کی وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان اور افغانستان نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ معاہدہ قطر اور ترکی کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں طے پایا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملک اس بات پر بھی متفق ہوئے ہیں کہ جنگ بندی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مذاکرات جاری رکھے جائیں گے۔ فریقین نے ایک مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا ہے تاکہ دیرپا امن اور خطے میں استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق، معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی تناؤ میں کمی آئے گی اور پاکستان و افغانستان مستقبل میں برادر ممالک کے طور پر خطے میں امن کے قیام کے لیے مل کر کردار ادا کریں گے۔
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ اس معاہدے کے بعد “افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ فوری طور پر بند ہو جائے گا اور دونوں ہمسایہ ملک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے۔”
خواجہ آصف نے یہ بھی بتایا کہ 25 اکتوبر کو استنبول میں دوبارہ وفود کے درمیان ملاقات ہو گی جہاں مزید تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
یاد رہے کہ سنیچر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی۔ ان کے ہمراہ آئی ایس آئی کے سربراہ اور مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بھی شریک تھے۔ طالبان وفد کی قیادت طالبان حکومت کے وزیر دفاع ملا یعقوب نے کی جبکہ طالبان انٹیلی جنس کے سربراہ مولوی عبدالحق وثیق بھی شریک تھے۔
