
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں یکم اگست کو ہونے والے مسلح افراد کے شدید نوعیت حملے میں پاکستانی فوج کے 20 اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مسلح افراد چیک پوسٹوں کے اندر داخل ہو کر تمام اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے بعد ان کے جنگی ساز و سامان بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
ذرائع کے مطابق اس شدید نوعیت کے حملے میں مسلح افراد کی بڑی تعداد نے بیک وقت تین چیک پوسٹوں پر حملہ کیا، جن میں بڑی تعداد میں فورسز کے اہلکار ہلاک کیے گئے۔ ہلاک شدہ اہلکاروں کا اسلحہ اور دیگر جنگی سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
حملے کے حوالے سے پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم دیگر ذرائع سے ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
حملے کے بعد علاقے میں ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں کی گشت جاری ہے، جبکہ مختلف مقامات پر شیلنگ بھی کی گئی ہے۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی، تاہم اس نوعیت کے حملے ماضی میں آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔