
کراچی: معروف اشاعتی ادارہ علم و ادب کے ایک سینئر رکن کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا۔
آج دوپہر تقریباً 12 بجے کراچی کے معروف کتب بازار اردو بازار میں واقع علم و ادب کے مرکزی دفتر پر، جو کتابوں کی فروخت کا مرکز بھی ہے، تقریباً 10 نقاب پوش مسلح افراد نے چھاپہ مارا اور ادارے کے موجودہ ڈائریکٹر چنگیز بلوچ کو جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔
گول مال سینٹر اردو بازار سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے کارروائی کے دوران شاپنگ مال کی پہلی اور دوسری منزل پر نصب تمام سی سی ٹی وی کیمرے توڑ دیے اور ان کا ریکارڈ ضائع کر دیا۔ بعد ازاں وہ تیسری منزل پر واقع دفتر میں داخل ہوئے اور چنگیز بلوچ کو اپنے ساتھ لے گئے جنہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسی اشاعتی ادارے کے سابق ڈائریکٹر لالا فہیم بلوچ کو بھی تین سال قبل اسی دفتر سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا جو تین ماہ بعد بازیاب ہوئے تھے۔
علم و ادب کراچی میں اردو، بلوچی اور دیگر علاقائی زبانوں میں کتابیں شائع کرنے والا ایک معروف اشاعتی ادارہ ہے، جہاں نایاب کتابیں بھی کم قیمت پر دستیاب ہوتی ہیں۔