
بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سرمچاروں نے 18 جولائی کی رات تقریباً 9:30 بجے، سوراب میں قابض پاکستانی فوج کے مرکزی کیمپ پر حملہ کرکے دشمن کے چھ اہلکاروں کو ہلاک کیا۔ تنظیم کے انٹیلیجنس ونگ نے اطلاع دی کہ دشمن فوج کے اہلکار کیمپ کے باہر ایک میٹنگ میں مصروف ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اس اطلاع پر بی ایل ایف کے سرمچاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے میٹنگ میں بیٹھے ہوئے فوجی اہلکاروں پر پہلے دستی بم پھینکا ، پھر ان پر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دشمن کے چھ اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ حملے کے بعد دشمن فورسز نے سرمچاروں کو گھیرے میں لینے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی اور کافی فاصلے تک مختلف اطراف میں عام آبادی کو بلاتفریق نشانہ بناتے ہوئے متعدد گولے داغے، جبکہ سرمچار رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بحفاظت اپنی پوزیشنوں پر واپس پہنچ گئے۔
آخر میں ترجمان نے کہا کہ بی ایل ایف سوراب میں قابض پاکستانی فوج کے مرکزی کیمپ پر حملے میں چھ اہلکاروں کو ہلاک اور ایک درجن سے زائد اہلکاروں کو زخمی کرنے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔