
بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی کے قریب منگولی پولیس تھانے کی حدود میں مبینہ سیاہ کاری کے الزام میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق، ملزم نے اپنی بیوی (ش) کا گلا دبا کر قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی منگولی پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات وقتاً فوقتاً پیش آتے رہتے ہیں۔ ان میں سے اکثر میں ملزمان قانونی گرفت سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔
سماجی کارکنوں کے مطابق، متعدد واقعات میں ذاتی رنجش یا عائلی تنازعات کو چھپانے کے لیے قتل کو غیرت کا رنگ دے دیا جاتا ہے، اور بعد ازاں یہ معاملات قبائلی رسم و رواج کے تحت نمٹا دیے جاتے ہیں، جس سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہو پاتے۔