
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین اسد اقبال بٹ کی قیادت میں ایچ آر سی پی کا ایک وفد نے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا، چیرمین نصراللہ بلوچ اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے ملاقات کی، وفد میں وائس چیرمین منزہ جہانگیر ، سعیدہ بلوچ ، حبیب طاہر ، کاشف پانیزئی اور عارفہ نور ملک فرید شاہوانی شامل تھے، اس موقع پر لاپتہ عبدالغنی اور محمود علی لانگو سمیت دیگر لاپتہ افراد کے لواحقین بھی موجود تھے۔
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیرمین نصراللہ بلوچ نے وفد کو بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خصوصا جبری گمشدگیوں کے حوالے سے بریف کیا کہ رواں سال ملکی ادارے جبری گمشدگیوں اور لاپتہ افراد کو ماورائے قانون قتل کرنے کے سلسلے میں تیزی لائی ہے۔
چیرمین نصراللہ بلوچ نے وفد کو بلوچ طالبہ ماہ جبین کی جبری گمشدگی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا انہوں نے وفد کو بتایا کہ چالیس دن گزرنے کے باوجود بھی بلوچ طالبہ کو کسی عدالت میں پیش کیاگیا ہے اور نہ ہی انکے حوالے سے انکے خاندان کو معلومات فراہم کیا جارہا ہے۔
وفد میں شامل ہیومن رائٹس کے سینئر رہنماوں نے لاپتہ افراد کی عدم بازیابی، جبری گمشدگیوں میں تیزی، لاپتہ افراد کی ماورائے قانون قتل اور ماہ جبین کی جبری گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔
وفد نے یقین دھانی کرائی کہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان، بلوچستان میں ہونے والے ان انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔