
بلوچستان کے ضلع واشک میں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ بندی کی۔ اس دوران لیویز کی چیک پوسٹ پر حملہ کر کے اس پر قبضہ کیا گیا اور اہلکاروں کا اسلحہ ضبط کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے لیویز کی چیک پوسٹ پر قبضہ کر کے اہلکاروں کا اسلحہ تحویل میں لے لیا، جب کہ لیویز کی ایک گاڑی اور دو کمروں کو آگ لگا دی گئی، دوران ناکہ بندی ایک بوزر گاڑی کو بھی نذر آتش کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ کی جانب سے “آپریشن بام” کے اعلان کے بعد حملوں میں تیزی آئی ہے۔ تاہم، انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک کی بندش کے باعث مزید معلومات دستیاب نہیں ہو سکیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ بلوچستان بھر میں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں مسلسل سنائی دے رہی ہیں۔
