
بلوچ نیشنل موومنٹ کے سابق سکریٹری جنرل رحیم ایڈووکیٹ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یوم عاشورہ محض غم اور ماتم منانے کا دن نہیں ہے بلکہ اس میں ایک عظیم سبق پنہاں ہے، اور وہ ہے حق، انصاف اور سچائی کیلئے ظالم اور طاقتور کے خلاف آواز اُٹھانے اور ڈٹ جانے کا سبق۔ حق، انصاف، اور سچائی کی جدوجہد اور جنگ میں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ظالم کتنا طاقتور ہے، یا وہ آپ کا ہم عقیدہ، ہم مذہب و ہم مسلک ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم پاکستان کے ہاتھوں قبضہ گیریت، قومی محکومی، ظلم، نسل کشی، اور لوٹ کھسوٹ کے خلاف جو جدوجہد کر رہے ہیں، جس طرح قومی آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں وہ مثلِ سنتِ امام حسین علیہہ سلام ہے۔ ریاستِ پاکستان، پاکستانی فوج، انٹیلیجنس اور دوسرے ادارے بلوچ قوم پر جس طرح ظلم ڈھا رہے ہیں وہ یزید اور اس کے لشکر کی پیروی ہے۔
رحیم بلوچ ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان اسی طرح کا ایک نام نہاد اسلامی ملک ہے جس طرح یزید کی نام نہاد اسلامی خلافت تھی اور پاکستانی فوج، انٹیلیجنس اداروں کے اہلکار بھی یزید کے ظالم لشکر جیسے ظالم ہیں اور پاکستان کے طرف دار بھی یزید کے موقع پرست و بزدل رعایا جیسے ہی ہیں۔