
مغربی بلوچستان کے علاقے گونچ میں ایرانی فورسز کی فائرنگ سے ایک بلوچ خاتون جاں بحق ہوگئیں، جب کہ متعدد خواتین زخمی ہوئیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے وقت گاؤں میں مرد موجود نہیں تھے اور زیادہ تر متاثرین خواتین تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک حاملہ خاتون کا اسقاط حمل بھی ہوا۔
واقعے کے خلاف خواتین اور بچوں نے سڑک کو بلاک کرکے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ایرانی فورسز کی کارروائی کو غیر انسانی اور ظالمانہ قرار دیتے ہوئے شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایرانی فورسز نے بلااشتعال گاؤں پر حملہ کیا، حالانکہ اس وقت گاؤں میں صرف خواتین اور بچے موجود تھے۔