
بلوچستان کے ضلع چاغی میں ضلعی انتظامیہ نے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر تاحکمِ ثانی پابندی عائد کر دی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نوشکی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ پابندی فوری طور پر نافذالعمل ہو گی، تاہم خواتین اور بچوں کو اس سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔
انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ حالیہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے، جن میں اتوار کے روز کچکی لیویز تھانے پر مسلح افراد کا حملہ شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے آر سی ڈی شاہراہ این-40 پر واقع لیویز تھانے اور چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جہاں انہوں نے لیویز اہلکاروں کی موجودگی میں چیک پوسٹ کو نذرِ آتش کر دیا۔
مسلح افراد اہلکاروں کی گاڑی اور موٹر سائیکل کو آگ لگانے کے بعد پوسٹ میں موجود اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔