کوئٹہ، داعش کے ہاتھوں اغواء ہونے والے کمسن کی لاش برآمد،  کیچ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، ایک زخمی

Oplus_0

بلوچستان: گزشتہ سال کوئٹہ سے اغواء ہونے والے کمسن مصور خان کاکڑ کی لاش مستونگ کے علاقے اسپلنجی سے برآمد ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاش کی حالت انتہائی خراب اور مسخ شدہ تھی۔

لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے اور تدفین بھی عمل میں آ چکی ہے۔ تاہم لواحقین نے سرکاری سطح پر بچے کی شناخت کا اعلان ڈی این اے ٹیسٹ کی حتمی رپورٹ سے مشروط کیا ہے۔

قریبی خاندانی ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے انہیں بتایا گیا کہ ایک آپریشن کے دوران ایک مارے گئے دہشت گرد کے موبائل فون سے ایک خون میں لت پت بچے کی تصویر برآمد ہوئی، جس سے اسپلنجی میں کارروائی کے لیے نشاندہی ہوئی اور اسی مقام سے ایک لاش برآمد ہوئی۔

ڈی آئی جی اعتزاز احمد گورایہ نے ترجمان حکومت بلوچستان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اغواء کی واردات میں کالعدم تنظیم داعش ملوث تھی۔ ان کے مطابق تین اغواء کاروں میں سے دو افغان شہری نکلے۔ انہوں نے بتایا کہ داعش نے بچے کی رہائی کے بدلے 12 ملین ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

ڈی آئی جی کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران داعش کے ایک کیمپ پر کارروائی کے دوران بچے کو قتل کر دیا گیا۔ 23 جون کو بچے کی لاش اسپتال منتقل کی گئی جہاں ڈی این اے نمونے حاصل کیے گئے۔ ابتدائی رپورٹ میں شناخت مصور خان کے طور پر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مصور خان کے اہلِ خانہ کا آخری بار اغواء کاروں سے رمضان میں رابطہ ہوا تھا، جس کے بعد ان کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل تمپ کے علاقے میرآباد میں زبیدہ جلال روڈ کے قریب ایک گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی۔ لیویز فورس کے مطابق متوفی کی شناخت قائم علی ولد محمد حیات کے طور پر ہوئی ہے جو تمپ کے علاقے آسیا آباد کا رہائشی تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق، لاش سڑک کنارے سنسان مقام پر ملی جس کے جسم پر گولیوں کے متعدد نشانات تھے۔ تاہم قتل کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔

دوسرا واقعہ کیچ کی تحصیل بلیدہ کے علاقے میناز میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عبداللہ ولد نور بخش زخمی ہو گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ مینا‌ز بازار کے قریب موجود تھا۔ زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

منگچر کے علاقے ملنگزئی میں مخبر علی کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ بی ایل اے

جمعہ جون 27 , 2025
بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان آزاد بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے نہ 27 جون کو منگچر میں ملنگزئی کے مقام پر ہمارے سرمچاروں نے فائرنگ کرکے پاکستانی فوج و خفیہ اداروں کے ایک کارندے علی ولد محمد آعظم کو ہلاک کیا۔ انہوں نے کہا کہ […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ