آواران میں خواتین سمیت دو افراد کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف بلوچ وومن فورم کا 28 مئی کو ہڑتال کا اعلان

بلوچ وومن فورم کی مرکزی ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم آواران کے علاقے مالار مچی میں 26 اور 27 مئی کی درمیانی شب پیش آنے والے دلخراش واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جس میں ریاستی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک غیرقانونی چھاپے اور شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد، جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی، کو شہید جبکہ ایک معمر خاتون کو شدید زخمی کر دیا۔

ترجمان نے کہا کہ شہداء کی شناخت نعیم بلوچ اور حوری بلوچ کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی خاتون، شہید نعیم کی والدہ دادی بلوچ ہیں۔ اس افسوسناک واقعے کے خلاف لواحقین اور اہل علاقہ نے شہداء کی لاشیں لے کر آواران شہر کا رخ کیا اور انصاف کے حق میں احتجاج کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ رواں سال آواران میں شہریوں کے خلاف ماورائے عدالت قتل کے مسلسل واقعات کی ایک کڑی ہے۔ صرف گزشتہ ایک ہفتے میں یہ پانچواں ماورائے عدالت قتل ہے، جو انتہائی تشویشناک اور خطرناک صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ ریاستی ادارے، خصوصاً قانون نافذ کرنے والے ادارے، جیسا کہ ہم مسلسل مشاہدہ کر رہے ہیں، بلوچ نسل کشی کو ہر ممکن طریقے سے آگے بڑھانے کے لیے کھلی چھوٹ حاصل کیے ہوئے ہیں۔ اسی ہفتے ان اداروں نے قلات ضلع میں دیہاتوں کو تباہ اور لوگوں کو بےدخل کیا، جبکہ جعلی مقابلوں میں ٹارگٹ کلنگ اور جبری گمشدگیاں ان کی معمول کی پالیسی بن چکی ہیں، جن کی ہم بلوچ سیاست کے ایک فریق کے طور پر مکمل مخالفت کرتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم نعیم اور حوری بلوچ کی شہادت اور دادی بلوچ کے زخمی ہونے کے واقعے پر انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں اور ریاستی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مقامی لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنا بند کریں اور بلوچ نسل کشی کے لیے اندھا دھند فائرنگ جیسے اقدامات فوری طور پر روکیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی و بین الاقوامی ادارے، متعلقہ فریقین اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری طور پر مداخلت کریں اور ریاستی اداروں کو نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے باز رکھیں۔

آخر میں ترجمان نے اپیل کی کہ ہم 28 مئی کو آواران بھر میں ماورائے عدالت قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف مکمل ہڑتال کی اپیل کرتے ہیں اور علاقے کے عوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان مشکل حالات میں متاثرہ خاندانوں کا ساتھ دیں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

جھاؤ: پاکستانی فورسز کی چوکی پر مسلح افراد کا حملہ

منگل مئی 27 , 2025
بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا، جس کے دوران فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ذرائع کے مطابق، حملہ آج شام تقریباً پانچ بجے زیلگ کے مقام پر کیا گیا، جہاں مسلح افراد نے راکٹ اور […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ