
بلوچستان کے ضلع قلات میں گزشتہ رات مسلح افراد کی بڑی تعداد نے مرکزی شاہراہ پر گھنٹوں تک اپنا کنٹرول قائم رکھا۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد کی بڑی تعداد نے گزشتہ روز قلات کے شہر مہلبی میں مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی۔ دورانِ چیکنگ مسلح افراد نے کئی سرکاری اہلکاروں کو حراست میں لیا، تاہم بتایا جا رہا ہے کہ انہیں فوج اور خفیہ اداروں سے کوئی تعلق نہ ہونے کی وجہ سے رہا کر دیا گیا ہے۔
مسلح افراد نے اس دوران ایک موبائل ٹاور کو بھی نذر آتش کرکے تباہ کر دیا ہے۔ تاہم اس دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ علاقے میں گزشتہ روز سے انٹرنیٹ سروس بند ہے۔
اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے، لیکن بلوچ مسلح تنظیمیں فورسز کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے کئی بار ناکہ بندیاں کر چکی ہیں۔