
بلوچستان کے ضلع چاغی میں دالبندین پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایک مکان پر چھاپہ مارا جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جب کہ ڈی ایس پی سمیت ایک سپاہی زخمی ہو گئے۔
ایس پی چاغی کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ زخمیوں کو فوری طور پر دالبندین کے پرنس فہد ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ڈی ایس پی اور دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ ریفر کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ واقعے کی نوعیت اور حملہ آوروں کی شناخت سے متعلق کوئی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکے ہیں۔