
خضدار سے اغوا ہونے والی عاصمہ جتک کے بھائی عطااللہ جتک نے اپنی بہن کے ویڈیو بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویڈیو اغوا کاروں کی جانب سے زبردستی ریکارڈ کروائی گئی ہے، جسے وہ اور بلوچ قوم مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے بیانات دلا کر ہمیں بلیک میل کرنے اور ہمارے پرامن احتجاج کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے تاکہ عوامی حمایت کو کمزور کیا جا سکے۔
عطااللہ جتک نے مزید کہا کہ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد ریاستی اداروں اور حکومت کے پاس یہ جواز باقی نہیں رہتا کہ مجرموں کا سراغ نہیں مل رہا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جس اکاؤنٹ یا نمبر سے یہ ویڈیو سب سے پہلے شیئر کی گئی، اس کی مدد سے مجرموں کی شناخت اور گرفتاری ممکن ہے۔ اگر اس کے باوجود بھی حکومت کوئی کارروائی نہیں کرتی اور عاصمہ جتک کو بازیاب نہیں کراتی، تو اس کا مطلب ہوگا کہ انتظامیہ خود مجرموں کو تحفظ دے رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب تک ان کی بہن کو بازیاب نہیں کرایا جاتا اور ذمہ داروں کو سخت سزا نہیں دی جاتی، ان کا احتجاج جاری رہے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ احتجاج میں مزید شدت اور وسعت لائی جائے گی اور جب تک انصاف نہیں ملتا، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔