شال ( مانیٹرنگ ڈیسک ) کراچی اور پنجگور سے 4 طالب علموں سمیت 5 افراد پاکستانی فورسز ہاتھوں جبری لاپتہ ،جبکہ ڈیرہ بگٹی سے لاپتہ شخص بازیاب ہوگیا ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی گلشن اسکوائر سے پاکستانی فورسز نے نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) کے سینٹرل کمیٹی کے ممبر محراج شاد سکنہ آبسر تربت اور اس کے دوست دودا الہی سکنہ بلنگور ، گمشاد سکنہ مند اور مزمل بلوچ سکنہ پسنی بلوچستان نامی طالب علموں کو گزشتہ رات حراست میں لیکر جبری لاپتہ کردیا ،جس کے بعد وہ تاحال لاپتہ ہیں ۔
بتایا جارہاہے کہ مذکورہ طالب علم کراچی میں تعلیم کی حصولی کے لئے رہائش پزیر تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جبری گمشدہ ہونے والے دودا الہی اور گمشاد اس سے قبل بھی لاپتہ ہوئے ہیں۔ پہلی دفعہ انہیں سات جون 2022 کو کراچی کے علاقے مسکن چورنگی میں گھر پر چھاپہ مار کر لاپتہ کردیا گیا جنہیں بعدازاں 14 جون کو رہا کردیا گیا تھا ۔
علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع پنجگور پروم سے پاکستانی فورسز نے گذشتہ دنوں پاکستانی فوج نے چھاپہ مارکر چار نوجوانوں کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا تھا۔ تاہم بعد ازاں فورسز نے ضمانت کے لئے امان اللہ ولد صدیق نامی شخص کو بلایا جب وہ کیمپ گئے تو انھیں بھی حراست میں لیکر جبری لاپتہ کردیا ۔
علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی سوئی سے رواں سال 14 مئی کے مہینے میں پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا شکار ہونے والا دلشاد ولد عابد بگٹی بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گیا ہے۔