بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن شال زون کی جانب سے 25 ستمبر بروز بدھ شہید کامریڈ ہانی بلوچ کی یاد میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے شمع روشن کیے گئے۔ بی ایس او کے مرکزی چیئرمین جیئند بلوچ نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آج ایک درخشان درخت کی حیثیت سے بلوچ قومی تحریک کو جلا بخشتی آرہی ہے۔ وہیں اس جدوجہد کو قائم و دائم رکھنے میں قربانیوں کی بے شمار کرداروں کج داستانیں کار فرما ہیں، جنہوں نے بلا جھجک ہر قسم کی صعوبتوں و کھٹن حالات کا دیدہ دلیری سے مقابلہ کرکے سرخ پرچم کا دفاع کیا۔
مرکزی چیئرمین کا کہنا تھا آج جہاں بلوچ عوامی حقوق کی تحریک بلوچستان کے ہر کوچہ و دیہات میں بلوچ نسل کشی اور بلوچ وطن کے استحصال کے خلاف سراپا مزاحمت ہے، وہیں بلوچ عورت اپنی پاؤں پر بندھی ہوئی تمام تر بیڑیوں کو توڑکر اس تحریک میں ہر اول دستے کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ دراصل بلوچ عورت کی جہدوجہد کو اس روشن مینار تک پہنچانے میں شہید کامریڈ ہانی اور شہید بانک کریمہ سمیت بے شمار گمنام بلوچ جہد کار عورتوں کی جدوجہد کارفرما ہیں۔
مرکزی چئیرمین نے مزید کہا کہ بی ایس او کا ہر جہد کار خود پر فرض کرتا ہے کہ نا صرف عظیم جہد کاروں کی اس میراث کا قدم بہ قدم دفاع کریں گے بلکہ مسلسل ان کی جدوجہد کی یاداشتوں کو اپنے آج کے عمل کا حصہ بنا کر ان "انقلابی استعاروں” کو ہمیشہ کے لیے امر رکھ کر ان کی روشنی میں اپنی غیر مصالحتی جدوجہد کو جاری رکھیں گے ۔