بلوچستان کے علاقے ضلع مستونگ میں کلی گلکنڈ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے سراوان پریس کلب کے عہدیدار اور نیوز ایجنسی سے وابستہ صحافی ھلاک ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق سراوان پریس کلب کے عہدیدار و سینئر صحافی نثار احمد لہڑی آج صبح مستونگ شہر میں واقع اپنے زیر تعمیر مکان کی طرف جارہے تھے کہ اس دوران انہیں نشانہ بنایا گیا، فائرنگ سے وہ موقع پر ہی ھلاک ہوگئے-
میت کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا –
پولیس کے مطابق قتل کا واقعہ زمین کا تنازع ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
پریس کلب کی جانب سے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
شال کے علاقے پشتون آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شال کے گنجان آباد علاقے پشتون آباد میں شیخ چوک پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے انور نامی شخص کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے ۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش ہسپتال منتقل کردیا، نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔
کیچ: کراچی سے پاکستانی فوج کے ہاتھوں جبری لاپتہ ہونے والے نوجوان سمیر ولد نعمت بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔
بازیاب ہونے والے نوجوان سمیر ولد نعمت سکنہ تربت پیدارک کو پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے 15 ستمبر 2023 کو کراچی سے اس وقت اغوا کیا تھا جب اسے علاج کے لیے کراچی لے جایا گیا تھا۔
سمیر نعمت کو ایک ماہ قبل سی ٹی ڈی کے حوالے کیا گیا تھا، اسے آج شال میں شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد منظر عام پر لایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سمیر کے اہل خانہ نے اس کی جبری گمشدگی کے خلاف تربت میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔