پنجگور آل پنجگور بارڈر کمیٹی کےترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بارڈر سے منسلک ادارے کی طرف سے بلا جواز بارڈر کو بند کرنے سے لوگوں میں اشتعال انگیزی کے ساتھ ساتھ نفرت پھیل رہی ہے بلا جواز مسلسل بارڈر کو ہر مہینے ہفتوں ہفتوں بند کرکے لوگوں میں بے چینی پھیلا کر بے یقینی کی کیفیت پیدا کی جا رہی ہے اس سے عوام اور اداروں کے بیچ مزید دوریاں پیدا ہو رہی ہیں ۔
انھوں نے کہاہے کہ لوگوں کے پاس روزگار کا واحد ذریعہ ایران بارڈر ہے دیگر ذرائع کے امکانات مفقود ہیں ایران بارڈر پر قدغن لگانے سے لوگ بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں جو کہ ناقابل برداشت عمل ہے اسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ادارے بارڈر کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کریں بلا جواز بارڈر کو بند کرنے کے پوشیدہ مقاصد کیا ہیں عوام کو آگاہ کیا جائے ۔
ترجمان نے کہا ہےکہ انتظامیہ کی بندش کے حوالے سےلا علمی اور بے تکلفی سمجھ سے بالاتر ہے انتظامیہ عوام کو مطمئن کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہےانتظامیہ کی ذمہ داری ہے وہ بارڈر بندش سے متعلق عوام کو آگاہی فراہم کرے بصورت دیگر کمیٹی مجبورہے کہ وہ عوام کے پاس جائے اور اپنے آگے کا لائحہ عمل طے کرے ترجمان نے کہا جمعرات تک بارڈر کو دوباره کاروبار کے لئے نہیں کھولا گیا تو شدید عوامی رد عمل کا سامنا کرنا پڑے گا ۔