شال سول سوسائٹی کی رہنما روزینہ خلجی اور پشتون اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پی ایس او کے رہنما محمد عرفات کاکڑ ،محمد رحیم خان کاکڑ نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ بیوٹمز بس حادثے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے کر حقائم قوم کے سامنے لائے جائیں اور ذ مہ داروں کا تعین اور قراراواقعی سزا دی جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ، انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز بیوٹمز بس حادثے میں ایک طالب علم جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا جوکہ قابل مذمت اور قابل افسوس عمل ہے بس میں 30افراد کی گنجائش ہونے کے بعد بس میں 75سے80طلبا کو سوار کیا گیا اور شدید گرمی اور یونیورسٹی کی نااہلی اور کوتاہی کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے۔
انھوں نے کہاکہ عوام اپنے خون پسینے کی کمائی کے بعد اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے نہ کے موت کی آغوش میں جانے کیلئے یونیورسٹی بھیجتے ہیں ۔
انھوں نے سوال کیاکہ ہمارے ٹیکس کے پیسے کہاں خرچ ہورہے ہیں؟ ان پیسوں سے ہمارے نو جوانوں کو تعلیم صحت اور روزگار کی سہولیات فراہم کی جائے ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے تا حال کوئی کارروائی نہیں کی گئی جبکہ واقع کے خلاف آواز اٹھانے والے طلبا کو یونیورسٹی سے معطل کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہاکہ ہم واقعہ پر خاموش نہیں بیٹھیں گے اور انصاف کے حصول تک آواز بلند کرتے رہیں گئے اس لئے واقع کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے ۔