بلوچ نشینل موومنٹ ( بی این ایم ) جرمنی کی نائب صدر صفیہ بلوچ نے کہا آزادی، انسانی حقوق کے تحفظ اور انصاف کی جدوجہد میں بلوچ خواتین سب سے آگے ہیں۔ان کی ہمت ، اور اپنے مقصد کے لیے غیرمتزلزل عزم بلوچ سماجی اور سیاسی منظر نامے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار جرمنی کے شہر ڈوئسبرگ میں کرد خواتین ایسوسی ایشن کے ایک میلے میں خطاب کرتے ہوئے کیا، وہ وہاں بلوچ نیشنل موومنٹ ( بی این ایم ) اور بلوچ قوم کی نمائندے کی حیثیت سے مدعو تھیں۔
صفیہ بلوچ نے بلوچستان کی تحریک میں اہم بلوچ خواتین رہنماؤں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، جن میں شہید بانک کریمہ، ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، اور سیمی دین بلوچ شامل ہیں۔
انھوں نے کہا، ان قابل ذکر خواتین نے انصاف اور آزادی کی اپنی لڑائی میں بہت قربانیاں دی ہیں۔ان کی بہادری اور عزم صرف بلوچ قوم نہیں بلکہ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے دیگر افراد کے لیے بھی حوصلے اور امید کا باعث ہیں۔
انھوں نے شرکاء سے بلوچ قومی تحریک آزادی کی حمایت کی اپیل کرتے ہوئے کہا بلوچ قوم کے وسائل اور زمین پر پاکستان کا قبضہ ہے اور اپنی حق خودارادیت سے محروم ہے۔ اس لیے بلوچ قوم اپنی آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔اس جدوجہد کے پاداش میں بلوچ قوم کو ریاست پاکستان کی طرف سے جبری گمشدگی جیسے جرائم کا سامنا ہے۔بلوچ قوم کی نسل کشی ہو رہی ہے جس کے خلاف عالمی مدد اور حمایت کی ضرورت ہے۔