کراچی بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر لالا وھاب بلوچ اور دیگر بی وائی سی کارکنان نے کراچی میں منعقد کردہ سندھی سجاگ فورم اور وائس فار سندھ مسسنگ پرسنز کی جانب سے عیدالاضحی کے پہلے روز کراچی پریس کلب کے باہر جبری گمشدہ لوگوں کی بازیابی کے لئے قائم احتجاجی کیمپ جاکر اظہار یکجہتی کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلوچ اور سندھی قوم کی مظلوم مائیں ، بیٹیاں ، قومی کارکن مسلسل کئی سالوں سے ہر عید پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے احتجاج کر رہے ہیں لیکن افسوس کا مقام یہ کہ حکمرانوں کے کانوں میں روں تک نہیں رینگتی اور عدالتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں لہذا اس ملک میں بسنے والے مظلوم اقوام مشترکہ جدوجھد کر کے ہی حقوق حاصل کر سکتے ہیں ۔
دریں اثناء بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر لالہ وہاب بلوچ اور ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کے وائس چیئرمین سندھ قاضی خضر بی۔وائی۔سی کے ساتھیوں کے ہمراہ آغا خان ہسپتال میں داخل کامریڈ حمید ہ قادر کی عیادت کی جو کہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہیں۔

انہیں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی جانب سے ہرممکن مدد تعاون کی پیشکش کی ۔ اس موقع پر کامریڈ حمیدہ قادر نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور انکے ساتھیوں کی جانب تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔