
بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگچر میں نامعلوم مسلح افراد نے مسافر بس کو نشانہ بنا کر ایک شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے کوئٹہ جانے والی ال سیف کمپنی کی مسافر بس کو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے منگچر کے مقام پر روکا۔ حملہ آوروں نے بس میں سوار تمام مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کیے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے محمد عمران محمد حسنی سکنہ مشکے (آواران) کو شناخت کے بعد فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول عمران محمد حسنی محکمہ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں ملازم تھا اور وہ حب چوکی سے کوئٹہ اپنے لوئر کورس میں شرکت کے لیے جا رہا تھا۔
واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
