
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مختلف تفریحی مقامات پر پکنک منانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مستونگ اور اس کے گرد و نواح میں واقع پہاڑی علاقوں سمیت دیگر تفریحی مقامات پر عوامی اجتماعات، بالخصوص پکنک سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ اس پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اعلامیے میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر عمل کریں اور غیر ضروری طور پر مذکورہ مقامات کا رخ کرنے سے گریز کریں۔
ضلعی انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ یہ اقدام عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
