
کوئٹہ میں عیدالفطر کے پہلے روز جبری گمشدگیوں کے خلاف مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جاری مہم کے سلسلے میں بی وائی سی کے زیر اہتمام ایک ریلی نکالی گئی، جبکہ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) نے بھی اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے لاپتہ افراد کی بازیابی اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ بی وائی سی کی ریلی میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت دیگر رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا، جو گزشتہ ایک سال سے قید میں ہیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ان رہنماؤں کو لاپتہ افراد کے حق میں آواز اٹھانے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب، وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاج میں لاپتہ افراد کے لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے عید کے دن احتجاج کو اپنے دکھ اور جدائی کی علامت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کرایا جائے اور جبری گمشدگیوں کا سلسلہ ختم کیا جائے۔
احتجاج میں مختلف سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ مظاہرین نے عزم ظاہر کیا کہ مطالبات کی منظوری تک ان کی پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔
