
بلوچستان کے اضلاع واشک، خاران اور قلات میں مختلف مقامات پر پاکستانی فورسز کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم سرکاری سطح پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق ضلع واشک میں سی پیک روڈ پر واقع ایک تحصیل کے مقام پر مسلح افراد نے فرنٹیئر کور (ایف سی) اور اس سے ملحقہ لیویز پوسٹ پر حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے مبینہ طور پر لیویز پوسٹ کا کنٹرول حاصل کرکے اہلکاروں کو غیر مسلح کردیا اور وہاں موجود اسلحہ اپنے قبضے میں لے لیا۔
ادھر ضلع خاران کے علاقے برشونکی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک سرکاری حمایت یافتہ گروہ سے وابستہ حافظ ممتاز کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ تاہم اس حملے میں جانی نقصان یا دیگر تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔
دریں اثنا ضلع قلات کے علاقے چپر میں پاکستانی فورسز پر اس وقت گھات لگا کر حملہ کیا گیا جب وہ علاقے میں پیش قدمی کر رہی تھیں۔ ذرائع کے مطابق حملہ اچانک کیا گیا، تاہم اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے بارے میں واضح معلومات تاحال موصول نہیں ہوئیں۔
