
کوہلو میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ رمضان پیکج کی تقسیم کے دوران مختلف مقامات پر شدید بدنظمی اور ہنگامہ آرائی کے واقعات پیش آئے، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ کئی مستحق خاندان راشن سے محروم رہ گئے۔
ذرائع کے مطابق کوہلو اسٹیڈیم کے مین پوائنٹ سمیت گرسنی، لاسی زئی، تمبو اور فاضل چیل میں راشن کی تقسیم کے دوران شدید افراتفری دیکھنے میں آئی۔ مستحقین اور منتظمین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی جس کے باعث بھگدڑ مچ گئی اور لوگ راشن کے حصول کے لیے ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے۔
عینی شاہدین کے مطابق بدنظمی کے باعث بعض افراد نے منتظمین سے راشن چھین لیا جبکہ اصل مستحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس افراتفری کے باعث انتظامیہ کی تیار کردہ فہرست میں شامل متعدد مستحق خاندان راشن سے محروم رہ گئے جن میں بیوائیں، معذور افراد اور یتیم بچے بھی شامل ہیں۔
متاثرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناقص انتظامات اور ہنگامہ آرائی کے باعث حقیقی مستحقین کو رمضان پیکج نہیں مل سکا جبکہ کئی غیر متعلقہ افراد راشن لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔
متاثرہ افراد نے وزیراعلیٰ بلوچستان، ڈپٹی کمشنر کوہلو اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مستحقین کی فہرست ازسرنو مرتب کرکے حقیقی حقداروں تک رمضان پیکج پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
