لیاری میں حمدان بلوچ کی نمازِ جنازہ، سیکیورٹی کی سخت نگرانی میں ادا

کراچی کے علاقے ملیر، شاہ لطیف ٹاؤن میں 17 فروری 2026 کو مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے 24 سالہ طالبعلم حمدان بلوچ کی نمازِ جنازہ بدھ کے روز لیاری کے فٹبال چوک، بلوچ چوک میں ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ فضا سوگوار رہی۔

عینی شاہدین کے مطابق جنازے میں مردوں کے ساتھ خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی بھاری نفری علاقے میں تعینات تھی، جس کے باعث بعض مقامات پر کشیدگی اور تلخ کلامی کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔

اہلِ خانہ کا مؤقف ہے کہ انہیں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے دوران دباؤ اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ نمازِ جنازہ ایک مذہبی اور بنیادی انسانی حق ہے، جس میں کسی قسم کی مداخلت قابلِ قبول نہیں۔

نمازِ جنازہ کے بعد شرکا نے سی ٹی ڈی کے خلاف نعرے بازی کی اور واقعے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات نہ کرائی گئیں تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 17 فروری کو شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں چار نوجوانوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں جلیل ولد نور محمد، نیاز قادر ولد قادر بخش اور حمدان عرف حکیم ولد محمد علی شامل تھے، جبکہ ایک شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

دوسری جانب بلوچ یکجہتی کمیٹی نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اہلِ خانہ کے مطابق حمدان بلوچ 29 دسمبر 2025 سے لاپتہ تھے اور انہیں لیاری کے علاقے دھوبی گھاٹ پل کے قریب سے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے حراست میں لیا تھا۔

مرحوم کا تعلق گولیمار کے علاقے حسن اولیاء ولیج، ریکسر لین سے بتایا جاتا ہے۔ لواحقین اور سماجی حلقوں نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

تربت: نیشنل پارٹی رہنما عارف سلیم کے گھر دستی بم حملہ، تین افراد زخمی

بدھ فروری 25 , 2026
تربت کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے نیشنل پارٹی تحصیل تمپ کے رہنما اور مقامی ٹھیکیدار عارف سلیم کے گھر پر دستی بم حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق دستی بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں عارف سلیم سمیت تین افراد زخمی ہو […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ