
پنجگور کے علاقے چیدگی کے مقام دستک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ حملہ آوروں نے دو گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ ایران کی سرحد سے ملحقہ اس سڑک پر پیش آیا جو مبینہ طور پر تیل کی غیر رسمی ترسیل کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے گاڑیوں پر فائرنگ کی جس کے باعث 6 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ بعد ازاں حملہ آوروں نے دونوں گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور لیویز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس روٹ پر ماضی میں بھی ڈکیتی اور فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، تاہم حالیہ واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔
