
بلوچستان کے ضلع کچھی کے صدر مقام ڈھاڈر کے نواحی علاقے مشکاف میں ریلوے اسٹیشن کے قریب سنسان مقام سے تین افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر مقامی انتظامیہ، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ لاشوں کو تحویل میں لے کر ڈھاڈر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی معائنے کے دوران لاشوں پر گولیوں کے واضح نشانات پائے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاحال واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں اور نہ ہی مقتولین کی شناخت ہو پائی ہے۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشوں کو شناخت کے لیے ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دیا گیا ہے۔
لاشوں کی حالت کو دیکھتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ افراد جبری گمشدگی کا شکار ہو سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آ سکی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں اور مقتولین کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو شناخت کے لیے ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
