وی بی ایم پی کا احتجاج 6062ویں روز بھی جاری، جبری لاپتہ بلوچ خواتین کی عدم بازیابی پر شدید تشویش

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کا احتجاجی کیمپ بدھ کے روز تنظیم کے مرکزی جنرل سیکرٹری حوران بلوچ کی قیادت میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6062ویں روز بھی جاری رہا۔

احتجاجی کیمپ میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور جبری طور پر لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وی بی ایم پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل حوران بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے بلوچ مردوں کو جبری طور پر لاپتہ کیا جا رہا تھا، تاہم اب بلوچ خواتین کو بھی جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو نہایت تشویشناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔

حوران بلوچ کے مطابق ماہ جبین، نسرینہ، فرزانہ، رحیمہ، حیرالنساء اور فاطمہ بلوچ کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے مختلف اوقات میں غیرقانونی طور پر حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان خواتین کے لواحقین اپنے پیاروں کی باحفاظت بازیابی کے لیے احتجاج کر رہے ہیں، مگر تاحال نہ تو انہیں منظرِ عام پر لایا گیا ہے اور نہ ہی ان کی سلامتی کے حوالے سے اہلِ خانہ کو کوئی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس کی وی بی ایم پی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ حوران بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد بالخصوص بلوچ خواتین کی فوری اور باحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں، انسانی حقوق کی اداروں اور تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی اپیل کی کہ وہ جبری گمشدگیوں، خاص طور پر بلوچ خواتین کی جبری گمشدگیوں پر خاموشی اختیار نہ کریں بلکہ ان ماورائے قانون اقدامات کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں، تاکہ جبری گمشدگیوں کا سلسلہ روکا جا سکے اور لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی ممکن ہو سکے۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

تربت: زراعت کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دکاندار ہلاک

بدھ جنوری 28 , 2026
پولیس ذرائع کے مطابق تربت کے علاقے زراعت کالونی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق شاہان ولد ماسٹر سعید اپنی پرچون کی دکان میں بیٹھے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ