
بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق واقعہ تمپ کے علاقے کوشقلات میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے ایک شخص پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں مذکورہ شخص موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مقتول کی شناخت ساحر ولد نثار احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ تاہم قتل کے محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ سے برآمد ہونے والی لاش کی شناخت دو ماہ قبل لاپتہ ہونے والے نوجوان نعمان ولد حیدر، سکنہ مند گواک کے طور پر ہو گئی ہے۔
اہلِ خانہ کے مطابق نعمان کو تقریباً دو ماہ قبل پاکستانی فورسز نے حراست میں لیا تھا، جس کے بعد وہ لاپتہ تھے۔ بدھ کے روز مقامی افراد نے تمپ کے علاقے رودبن سے ایک لاش برآمد ہونے کی اطلاع دی تھی، جس کی شناخت اب نعمان کے طور پر کر لی گئی ہے۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ 19 نومبر کو نعمان اپنے دوستوں کے ہمراہ پکنک منانے گئے تھے، جہاں پاکستانی فورسز نے فائرنگ کی۔ اس دوران نعمان کے ساتھی اسماعیل کو موقع پر ہی قتل کر دیا گیا، جبکہ نعمان کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد سے نعمان کی کوئی اطلاع نہیں مل سکی تھی۔
اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ نعمان دورانِ حراست تشدد کا نشانہ بنے اور بعد ازاں ان کی لاش پھینک دی گئی۔
