
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاکستانی فورسز کی جانب سے کیے گئے ایک آپریشن کے دوران چار افراد کے مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں سول اسپتال پنجگور منتقل کر دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے افراد کا تعلق کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تھا۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
سول اسپتال ذرائع کے مطابق چار میں سے دو افراد کی شناخت ہو چکی ہے۔ شناخت ہونے والوں میں عبدالمطلب ولد عبدالقادر، سکنہ عیسیٰ، اور حاکم یوسف ولد حاصل خان، سکنہ کلگ تسپ شامل ہیں۔ باقی دو افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ اسپتال میں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
