
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں ایک گھر پر دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق اتوار کی شب نامعلوم افراد نے ایک رہائشی گھر پر دستی بم پھینکا، جس کے نتیجے میں آٹھ سالہ بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق بچے کی شناخت شیر علی ولد امام دین بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔
وڈھ پولیس کے ایس ایچ او عبدالوہاب ساسولی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جس گھر کو نشانہ بنایا گیا وہاں دو بھائی اپنے خاندانوں کے ہمراہ رہائش پذیر تھے۔ ان کے مطابق دونوں بھائیوں کا تعلق سندھ کے علاقے کشمور سے ہے اور وہ وڈھ میں کھیتوں میں محنت مزدوری کرتے ہیں۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ حملے میں خواتین اور بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
