
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں گزشتہ رات مسلح افراد کی بڑی تعداد نے شاہراہ پر ناکہ بندی کی، جبکہ تربت میں پاکستانی فوجی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا اور تمپ میں مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کی۔
ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے سوراپ میں گزشتہ شب بلوچ آزادی پسندوں نے سی پیک روڈ پر تقریباً دو گھنٹے تک ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی سنیپ چیکنگ کی۔ اس دوران مسلح افراد نے ایک کمپنی کی دو گاڑیوں پر فائرنگ کی، جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے کیمپ کو نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ مسلح افراد نے تُربت کے نواحی علاقے میری بگ میں قائم پاکستانی فورسز کے کیمپ پر حملہ کیا۔
ذرائع کے مطابق موقع پر شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ چیک پوسٹ میں آگ بھڑک اُٹھی۔ واقعے میں پاکستانی فورسز کو جانی و مالی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
ادھر تمپ میں مسلح افراد نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، تاہم اس سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
