
آج 13 نومبر کو بلوچستان سمیت دنیا بھر میں بلوچ قوم کی جانب سے یومِ شہدائے بلوچ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے بلوچ قوم اپنے اُن بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے بلوچستان کی آزادی، بقا اور قومی وقار کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع سمیت یورپ، برطانیہ، خلیجی ممالک اور دیگر خطوں میں بھی بلوچوں کی جانب سے تقاریب، سیمینارز اور آن لائن پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اُن کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) نے یومِ شہدائے بلوچ کے موقع پر یکم نومبر سے 30 نومبر تک روزانہ کی بنیاد پر بلوچ شہداء کے پروفائلز اور تاریخی معلومات شائع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تنظیم کے مطابق اس سلسلے میں جرمنی اور نیدرلینڈز میں سیمینارز جبکہ برطانیہ میں آج یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
بی این ایم کی جانب سے اس دن کی مناسبت سے ایک نئی علامت (Symbol) بھی جاری کی گئی ہے، جو بلوچ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ کے لیے یادگار بنانے کی کوشش ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ریاستی پابندیوں کے باوجود عوام کی بڑی تعداد نے اپنے شہداء کو یاد کرنے کے لیے دعائیہ اجتماعات اور غیررسمی تقریبات کا اہتمام کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی بلوچ نوجوانوں اور سیاسی کارکنوں نے تصویریں، وڈیوز اور تحریری پیغامات شیئر کیے تاکہ شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔
