
ذرائع کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی بلوچ کالونی میں 2 نومبر کو کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے غازی یونیورسٹی کے طالب علم محمد اشرف ولد محمد دین کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، جس کے بعد سے وہ تاحال لاپتہ ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد اشرف، نوشکی میں پاکستانی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں جاں بحق ہونے والے بلوچ لبریشن آرمی (مجید بریگیڈ) کے رکن رشید بزدار کے چچا زاد بھائی ہیں۔ رشید بزدار کی شہادت کے بعد فورسز نے ان کے گھر پر چھاپے مارے اور اہلِ خانہ کو ہراساں کیا۔
دوسری جانب، مستونگ سے براہوئی زبان کے شاعر عطا انجم کو بھی 7 نومبر کی شب پاکستانی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا۔
ادھر، کوئٹہ کے علاقے کلی قمبرانی سے 2 نومبر کو لاپتہ ہونے والے شہیک قمبرانی بازیاب ہو کر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) نے شہیک قمبرانی کی بازیابی کی تصدیق کی ہے۔
