
تربت کے علاقے گھنہ سے کونشقلات، تمپ کے رہائشی جبری لاپتہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت میردوست ولد عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو تمپ کے علاقے کونشقلات کا رہائشی ہے، جنہیں 13 فروری 2025 کو پاکستانی فوج اور اس کے زیرِ سایہ مقامی ڈیتھ اسکواڈ کے کارندوں نے حراست میں لیا تھا، جس کے بعد وہ جبری طور پر لاپتہ ہو گئے تھے۔ آج ان کی لاش تربت کے علاقے گھنہ سے برآمد ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ میردوست کی لاش پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جبری گمشدگیوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں ان واقعات کی تحقیقات اور ان کے خاتمے کا بارہا مطالبہ کر چکی ہیں، تاہم اس میں بہتری کے بجائے مزید قتل اور جبری گمشدگیوں کے واقعات پیدا ہو رہا ہے۔
